لکھنؤ،28/اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بی ایس پی صدر مایاوتی نے اترپردیش میں بھیڑ کے ذریعہ تشدد کرنے کے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بدھ کو ریاستی حکومت کی طرف سے ان پر روک لگانے کا مطالبہ کیا۔مایاوتی نے کہاکہ اتر پردیش میں موب لنچنگ اب اپنے نئے خوفناک طریقے سے یہاں کی معصوم خواتین کو اپنا شکار بنا رہی ہے۔بچہ چوری کے الزام میں بے گناہ خواتین کو ہراساں کئے جانے سے لوگوں میں خوف و ہراس ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے۔ مایاوتی کا یہ بیان ایٹہ ضلع کے سرنگار نگرکے علاقے میں بچہ چوری ہونے کے خدشہ پر کچھ لوگوں کی طرف سے بینا دیوی نامی ایک خاتون کی پٹائی کئے جانے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد آیا ہے۔پولیس نے اتوار کو ہوئے اس واقعہ کے سلسلے میں چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔